منامہ،7اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے سعودی عرب کے خلاف کسی بھی قسم کے حملے سے نمٹنے کے لیے اپنے ملک کی جانب سے حمایت کا ا عادہ کیا ہے اور قطر کی جانب سے اس سال حج کو سیاسی بنانے کی کوشش کی مذمت کی ہے۔انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ قطر کا کوئی محاصرہ نہیں کیا گیا ہے بلکہ اس کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ محاصرے کی اصطلاح کے استعمال کے سنگین بین الاقوامی مضمرات ہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ قطر کے خلاف کیے گئے اقدامات سادہ الفاظ میں بائیکاٹ ہیں اور اس کا مقصد ہماری اقوام کی سلامتی اور خود مختاری کا تحفظ کرنا تھا۔
خالد آل خلیفہ نے کہا کہ ہم قطر کے ساتھ تیرہ مطالبات پر کوئی مذاکرات نہیں کریں گے بلکہ ہم صرف اس موضوع پر گفتگو کریں گے کہ ان پر کیسے عمل درآمد کیا جاسکتا ہے۔
چار خلیجی عرب ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے گذشتہ دو ماہ سے قطر کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور تجارتی تعلقات او ر زمینی وفضائی رابطے منقطع کر رکھے ہیں۔ ان ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی مالی اور سیاسی حمایت اور خلیجی ممالک کے مفادات کی قیمت پر ایران کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے الزامات عاید کیے تھے لیکن قطر نے ان کو مسترد کردیا تھا۔
ان چاروں عرب ممالک نے بائیکاٹ کے خاتمے کے لیے قطر کو تیرہ مطالبات پر مشتمل ایک فہرست پیش کی تھی۔انھوں نے قطر سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ اپنے روابط منقطع کر لے، اپنے ہاں ترکی کے ایک فوجی اڈے کے قیام کا عمل روک دے اور الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل کو بند کردے۔
قطر کے مخالف خلیجی عرب ممالک الجزیرہ کو انتہا پسندوں کا پلیٹ فارم اور اپنے داخلی امور میں مداخلت کے لیے ایک آلہ قرار دیتے ہیں لیکن اس ٹیلی ویژن چینل نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنی ادارتی آزادی کو برقرار رکھے گا۔